29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
سندھ بلوچستان کے میدانی علاقوں میں سورج سوانیزے پر
جنگ نیوز -
اسلام آباد… سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور جاری لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں گذشتہ روز ہونیوالی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم ہے۔ حیدرآباد میں گرمی کے دوران کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ سندھ کے گرم ترین علاقے نوابشاہ اور جیکب آباد سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں،جہاں بدترین لوڈشیڈنگ نے بھی معمولات زندگی بری طرح متاثر کررکھاہے۔ سندھ کے دیگر علاقے ، سکھر، میرپور خاص، بدین، لاڑکانہ ، دادوبھی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ بلوچستان کے علاقے جعفرآباد، نصیر آباد، جھل مگسی اور ایشیا کا گرم ترین علاقہ سبی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم ہے۔ بہاولنگر اور رحیم یار خان میں سخت گرمی کے باعث لوگ گھروں پر رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔فیصل آباد اور جھنگ میں بارہ گھنٹے طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔سوات میں موسم آبر آلود ہے،گذشتہ روز ہونیوالی بارش کے بعدعلاقے میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ مانسہرہ ، بٹ گرام اور کوہستان میں رات بھر جاری رہنے والی بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے اور موسم آبر آلود ہے۔