12 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:59
راجرز کپ میں اپ سیٹ، روس کی شراپوا اور چین کی لی نا کو شکست
جنگ نیوز -
ٹورنٹو…راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین ایونٹ میں اپ سیٹس کا سلسلہ جاری ہے۔ روس کی ماریہ شراپوا اور چین کی لی نا شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔ ٹورنٹو میں جاری ٹینس ایونٹ کے خواتین مقابلوں میں روس کی ماریہ شراپوا کا مقابلہ قازقستان کی گیلینا وسکوبیوا سے تھا۔ اس میچ میں روسی اسٹار مخالف کھلاڑی کا سامنا جم کر نہ کرسکیں اور چھ تین ، سات پانچ سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ ایک اور میچ بھی اپ سیٹ پر اس وقت ختم ہوا جب فرینچ اوپن چیمپین چین کی لی نا ،آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر کے ہاتھوں چھ دو اور چھ چار سے ہار گئیں جبکہ امریکہ کی سیرینا ولیمز ، ژینگ جی کو چارچھ ،چھ تین ،اور چھ تین سے شکست دے کر راجرز کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔