13 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:43
کراچی:پرتشدد واقعات میں 5 افرادجاں بحق،5زخمی
جنگ نیوز -
کراچی ... سندھ بھر میں قوم پرست جماعتوں کی جانب سے لوکل گورنمنٹ کی دوبارہ بحالی کے خلاف ہڑتال کے اعلان پرکراچی میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں پانچ افرادجاں بحق جبکہ دستی بم حملے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق ناظم آباد دو نمبر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو افرادکو ہلاک کردیا۔ مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اسی علاقے میں شرپسندایک ہوٹل کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پاک کالونی کے علاقے سے دو نامعلوم افراد کی گاڑی سے تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہے جنھیں اغوا کرنے کے بعد گولی مار کے قتل کیا گیا۔جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں نو گاڑیوں کوآگ لگادی گئی۔ کیماڑی میں جلائی گئی مسافربس میں ایک شخص جھلس کرجاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ میں ملوث دوافرادکوگرفتارکرنے کادعویٰ کیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی پولیس سعود مرزا کا کہنا ہے کہ صدر کے علاقے میں واقع برہان سینٹرمیں سرچ آپریشن کے دوران کئی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پر امن احتجاج سب کا حق ہے لیکن احتجاج کو پرتشدد نہ بنایا جائے۔