22 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:51
پشاور،امریکن قونصلیٹ کی گاڑی کو پوچھ گچھ کے بعد جانے کی اجازت
جنگ نیوز -
پشاور...پشاور میں حساس اداروں نے چار مشکوک امریکیوں کو خالد بن ولید پارک کے قریب روک لیااور تقریبا آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ اور سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد انھیں جانے دیا گیا۔پشاور کینٹ میں خالد بن ولید پارک کے قریب جانے والے چار مشکوک امریکیوں میں کرنل اسٹیک، پال رابرٹ، سارجنٹ جان لی اور لیفٹیننٹ جسٹین شامل تھے۔جو گرے رنگ کی لینڈ کروزر میں سوار تھے۔ جس پر سفید رنگ کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ اورآئی سی ٹی سی وی۔316 اسلام آباد نمبر درج تھا۔ جب کہ گاڑی کے اندر ڈیش بورڈ پر سرخ رنگ کی نمبر پلیٹ پڑی ہوئی تھی۔ جس پر اے ڈی۔ 64۔ 76 اسلام آباد کا نمبر درج تھا۔ گاڑی کے اندر سے امریکیوں نے کاغذ پر ایک پیغام لکھ کر میڈیا کو دکھایا جس میں کہا گیا کہ انھیں پشاور آنے کے لیے کسی این او سی کی ضرورت نہیں۔حساس اداروں کے مطابق کرنل اسٹیک، پال رابرٹ، سارجنٹ جان لی اور لیفٹیننٹ جسٹین گزشتہ روز اسلام آباد سے پشاور آ رہے تھے۔ جنہیں موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم چاروں امریکی گاڑی سمیت روپوش ہو گئے تھے۔ تقریبا آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ اور سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ جس کے بعد حساس اداروں نے انھیں چھوڑ دیا۔