22 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:55
وزیراعظم کراچی میں امن قائم نہیں کراسکتے تو مستعفی ہوجائیں، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ اگر وزیراعظم کراچی میں امن واستحکام بحال کرنے اوراپنے احکامات پر عمل درآمدکرانے سے قاصرہیں توانہیں برادرانہ مشورہ یہی ہوگا کہ وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے سے فی الفوردستبردار ہوجائیں۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی سے متعدد باربات کرکے انہیں کراچی کا امن غارت کرنے والے ایسے دہشت گردعناصرکے بارے میں آگاہ کرچکاہوں جن کی دہشت گردکارروائیوں کے نتیجے میں چھوٹے کاروبارکرنیوالے تاجر،دکاندار،بیوپارکاکام کرنے والے بڑے تاجر،بڑے بڑے صنعتکار، ٹرانسپورٹرز،پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیاسے تعلق رکھنے والے صحافی ، کیمرہ مین، فوٹو گرافرزاورعام شہری شدیدمتاثرہیں اوران دہشت گردوں کی پرتشددکارروائیوں کابالواسطہ یابلاواسطہ نشانہ بن چکے ہیں لیکن یہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ ایسے جرائم پیشہ دہشت گردعناصرکے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی اورکراچی میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کاسلسلہ جاری ہے ۔الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردی کے مسلسل ظہورپذیرہونے والے ان دردناک واقعات پر عوام وخواص آخر کب تک خاموش تماشائی بنے رہیں گے؟ لہٰذا میں صدرپاکستان آصف علی زرداری اوروزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے مطالبہ کرتاہوں کہ وہ کراچی کے معصوم شہریوں کوبیدردی وسفاکی سے قتل کرکے ان کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے اورموت کی آغوش میں پہنچانے کاسفاکانہ عمل بندکرائیں اورسفاک قاتلوں کوفی الفور گرفتارکروائیں۔