22 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:6
متحدہ کا سوگ، سیاسی تجارتی تنظیموں کا حمایت کا اعلان،ٹرانسپورٹ بند رہے گی
جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم سوگ و مذمت کی مختلف سیاسی و تجارتی تنظیموں نے حمایت کا اعلان کردیا جبکہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی کل بسیں نہ چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ مہاجر رابطہ کونسل کی جانب سے ایم کیو ایم کے یوم سوگ و مذمت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مہاجر رابطہ کونسل کے جنرل سیکرٹری کا کہنا ہے کہ کراچی میں مہاجروں کے قتل عام پر حکومتی خاموشی معنی خیز ہے۔ چیئرمین کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری کے مطابق منگل کویوم سوگ کے موقع پر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی تمام بسیں نہیں چلیں گی۔دوسری جانب صدر ہول سیل کیمسٹ کونسل عاطف حنیف بلو،صدر مارکیٹ ایسوسی ایشن محمداحتشام ،صدر حیدری مارکیٹ ایسوسی ایشن شکیل احمد ، جامعہ کلاتھ ایکشن کمیٹی کے رہنما تنویر سدوزئی ،صدر طارق روڈ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی صدیق میمن نے بھی کل کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق جامعہ کراچی مین کل ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں،نئی تاریخ کااعلان بعدمیں کیاجائیگا۔پٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ کراچی اورحیدرآبادمیں کل پٹرول پمپس اورسی این جی اسٹیشن بندرہیں گے، تاہم عبدالسمیع کا کہا ہے کہ پٹرول پمپ ایمبولینس،قانون نافذکرنیوالی گاڑیوں کوسروس فراہم کریں۔ صنعتی ذرائع کے مطابق سائٹ،فیڈرل بی ایریا،کورنگی ودیگرصنعتی علاقے کل بندرہیں گے۔چیئرمین آل پرائیوٹ اسکول مینجمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ کل سندھ کے تمام پرائیوٹ اسکول بندرہیں گے تاہم ترجمان وزیرتعلیم کا کہنا ہے کہ سندھ کے تمام اسکول اورکالجزمعمول کی مطابق کھلے رہیں گے۔ کراچی میٹرک بورڈاورسندھ بورڈآف ٹیکنیکل ایجوکیشن کل پبلک ڈیلنگ کیلئے بندرہے گا۔ادھر حیدرآبادچیمبرآف کامرس اورانجمن تاجران حیدرآبادنے بھی ایم کیو ایم کے یوم سوگ کی حمایت کااعلان کیا ہے ، حیدرآباد الیکٹرونک ڈیلرزنے بھی کل دکانیں بندرکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹنڈوالہ یارمیں کل تمام پرائیویٹ اسکول بندرہیں گے،جبکہ صدراسمال ٹریڈرزحاجی ہارون میمن کے مطابق سکھرمیں کل کاروباری مراکزبندرہیں گے۔