22 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:28
انگلینڈ نے بھارت کو اننگز اور 8رنز سے ہراکر سیریز4-0سے جیت لی
جنگ نیوز -
اوول،لندن…انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 8رنز سے شکست دیکر نہ صرف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 4-0سے اپنے نام کرلی بلکہ عالمی چیمپئن بھارت کو وائٹ واش شکست سے بھی دوچار کردیا۔ واضح رہے کہ میچ کے پانچویں اور آخری روز بھارت کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 162 رنز درکار تھے اور اسکی سات وکٹیں باقی تھیں تاہم انگلش بولروں کی نپی تلی اور شاندار بولنگ کے سامنے بھارتی سورماؤں کی ایک نہ چلی اور پوری بھارتی ٹیم 283رنز پر ڈھیر ہوگئی۔پانچویں روز بھارت کی آخری امید ماسٹر بیٹسمین سچن ٹنڈولکر91 تھے اور انھوں نے کسی حد تک ان امیدوں کو نبھانے کی اپنی سی کوشش بھی کی اور اس سلسلے میں امیت مشرا 84نے انکا بھرپور ساتھ بھی دیا اور دونوں کے درمیان 144رنز کی شراکت قائم ہوئی۔تاہم دونوں بیٹسمینوں کے 262رنز پر آؤٹ ہوتے ہی بھارتی ٹیم دھڑام سے نیچے آگری اور بقیہ پانچ وکٹیں 21رنز پویلین لوٹ گئیں۔بھارتی بیٹنگ لائن اپ کی تباہی میں مرکزی کردار گریم سوان نے ادا کیا اور چھ وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ اسٹورٹ براڈ نے دو ،اینڈریسن ایک اور بریسنان نے ایک وکٹ حاصل کی۔انگلینڈ کے ای این بیل کو انکی شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔جبکہ انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ اور بھارت کے راہول ڈریوڈ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔یا د رہے کہ اس میچ سمیت پوری سیریز کو جیو سوپر کے دنیا بھر میں موجود ناظرین کو براہ راست دکھایا جبکہ پیر کو ہونے والی سیریز کی اختتامی تقریب کو بھی نشرکیا گیا۔