23 اگست 2011
وقت اشاعت: 3:1
کراچی،فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، گیارہ زخمی
جنگ نیوز -
کراچی. . . . .. . . کراچی میں پر تشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔آج کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور جلاوٴ گھیراوٴ کے بعد کاروبار، دکانیں، مارکیٹس اور پیٹرول پمپ بند کردیے گئے ہیں۔رمضان المبارک کے آخری عشرے میں شاپنگ سینٹر کاکاروبار اور رونقیں عروج پر ہوتی ہیں لیکن کراچی میں کئی روز سے جاری کشیدگی نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے۔ شہری عید کی شاپنگ پر جانے کے بجائے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ طارق روڈ، حیدری، کلفٹن،گلشن اقبال،کریم آباد اور دیگر علاقوں کی بڑی مارکیٹس جلدی ہی بند ہوگئیں جبکہ پٹیل پاڑہ، ملیر،پاپوش نگر، گلستان جوہر، نیو ٹاوٴن، ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ اور جلاوٴ گھیراوٴ کیا،جس کے باعث کاروبار اور دکانیں بند کردی گئیں۔ کشیدہ صورت حال کو کنٹرول کرنے لیے پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔ شہر میں جاری فائرنگ اور پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور درجنوں زخمی بھی ہوئے۔ 6 دن میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 90 سے زائد ہوگئی ہے۔