23 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:14
ایم کیو ایم کا یوم سوگ،نجی اسکول ،بازار،پیٹرول پمپس بند
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم سوگ کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ ، نجی اسکول اور کاروبار بند ہے جبکہ ترجمان وزیر تعلیم سندھ نے صوبے بھر میں سرکاری اسکول اور کالجز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔کراچی میں پرتشدد واقعات کے خلاف ایم کیو ایم کے یوم سوگ و مذمت کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں دوکانیں ، کاروبار اور مارکیٹیں بند ہے۔ سڑکوں پرپبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق جامعہ کراچی میں آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ناظم امتحانات سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور سیکریٹری میٹرک بورڈ میں آج پبلک ڈیلنگ بند رہے گی۔ چیئرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن خالد شاہ کے مطابق شہرکے موجودہ حالات کے پیش نظر سندھ بھر کے تمام پرائیوٹ اسکولز بھی آج بند رہیں گے جبکہ ترجمان وزیر تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے تمام اسکولوں اور کالجزکو معمول کے مطابق کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے آج یوم سوگ کے موقع پر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی بسیں نہیں چلیں گی۔ جبکہ سپرہائی وے پر چلنے والی انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی معطل ہیں۔ ادھر حیدرآباد میں مکمل پہیہ جام ہے۔ نجی اسکولوں میں تعطیل جبکہ سرکاری اسکولوں اوردفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر ہے۔ سیکیورٹی اہلکار سڑکوں پرگشت کررہے ہیں۔ سکھر میں تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔سڑکوں سے ٹریفک غائب ہونے کے باعث ملازمتوں پر جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی آج گڈزٹرانسپورٹ نہ چلانے کا اعلان کیا ہے۔جبکہ صرافہ بازار سمیت ضلع بھر میں جیولرز کی دکانیں اور تمام نجی تعلیمی ادارے بند ہیں۔میر پور خاص اورٹنڈو الہ یار میں بھی متحدہ کے یوم سوگ کے موقع پر شاہراہیں سنسان ہیں۔تمام کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں۔ٹنڈو الہ یار میں جمبڑ روڈ ،لیاقت گیٹ اور مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے ٹائربھی جلائے گئے۔