23 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:36
کراچی میں تاجروں کو یومیہ ڈیڑھ سے دو ارب روپے کا نقصان
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے تما م تجارتی وصنعتی مراکز بند ہیں۔ تاجروں اور صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ شہر میں مسلسل جاری امن و امان کی بد ترین صورتحال کے باعث جہاں کارو بار ممکن نہیں رہا، وہیں روازانہ کی اجرت کمانے والے شخص کا گھرانہ بھی ایک وقت کی روٹی سے محروم ہوتا جا رہا ہے۔ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین صدیق میمن نے جیو نیوز کو بتایا کہ شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث تاجروں کو یومیہ ڈیرھ سے 2 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں مسلسل بدآمنی اور کشیدگی کے باعث فروخت پہلے ہی 70 فیصد تک گرچکی ہے۔ صنعتی زرائع کے مطابق شہر کا صنعتی پہیہ بند ہونے سے یومیہ 10 ارب روپے کے پیداواری نقصان کا خدشہ ہے، جس کے باعث محصولات میں یومیہ 3 ارب روپے کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی سرگرمیاں معطل ہونے سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والا طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ جبکہ شہر میں بدآمنی کی لہر کے باعث کاروبار ٹھپ اور لوگ بے روز گار ہو رہے ہیں۔ شہر میں جاری کشیدگی اور امن و امان کی بدترین صورتحال کو دیکھتے ہوئے تاجروں اور صنعت کاروں نے حکمرانوں سے مایوس ہو کر حکومت سے فوج طلب کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔