تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:55

ایم کیو ایم کی اپیل پر یوم سوگ،شہر میں کاروبارزندگی معطل

جنگ نیوز -


کراچی…کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم سوگ کی اپیل پر تعلیمی ، کاروباری ، تجارتی اور صنعتی مراکز بند ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ اور پیٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے اور نجی اور سرکاری دفاتر میں حاضری معمول سے کم رہی۔ کراچی میں پرتشدد واقعات کے خلاف ایم کیو ایم کی اپیل پر یوم سوگ و مذمت کے موقع پر صدر ، ایمپریس مارکیٹ ، طارق روڈ ، جوڑیا بازار ، حیدری اور دیگر علاقوں میں مارکیٹیں اور دکانیں بند ہیں۔ کراچی کی تاجر برادری نے بھی یوم سوگ کی ہمایت کرتے ہوئے بھتہ خوری اور غنڈا گردی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا اور کوروباری مراکز بند رکھے جبکہ شہریوں نے بھی قتل و غارت کی سخت مذمت کی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چاہے کوئی سندھی ہو، بلاوچ ہو، اردو بولنے والا ہو یا پشتو بولنے والا ہو، کسی کا بیٹا ہے، کسی کا بھای ہے اور کسی کا باپ ہے، معصوم شہریوں کے قتل کو فوری بند کیا جائے۔ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں ہے اور پرائیوٹ گاڑیاں بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ چیئرمین کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے گذشتہ روز ہی بسیں نہ چلانے کا اعلان کردیا تھا۔ سپرہائی وے پر چلنے والی انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی معطل ہے۔ شہر میں زیادہ تر پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بند ہیں۔ گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، لائنز ایریا ، ایم اے جناح روڈ اور دیگر علاقوں میں بعض افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلائے جبکہ گاڑیوں پر پتھراوٴ کی بھی اطلاعات ہیں۔۔دوسری جانب نجی کے ساتھ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری انتہائی کم ہے جبکہ سندھ سیکریٹریٹ میں ملازمین کو لانے والی پوائنٹ بسیں بھی نہیں چل سکیں۔ شہر میں آج تمام نجی تعلیمی ادارے بند ہیں۔ تاہم ترجمان وزیر تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ آج صوبے کے تمام سرکاری اسکولز اور کالجز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق جامعہ کراچی میں آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ ناظم امتحانات سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور سیکریٹری میٹرک بورڈکے دفاتر میں آج پبلک ڈیلنگ بند رہے گی۔ شہر میں کشیدہ صورت حال کے باعث پولیس اور رینجرز کی نفری متاثرہ علاقوں میں تعینات کی گئی ہے۔شہر میں یوم سوگ کے پیش نظر کاروباری مراکز، پیٹرول پمپس اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے جبکہ شہریوں کے یہی مطالبہ ہے، کہ کراچی میں جلد سے جلد امن قائم کیا جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.