23 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:34
اقوام متحدہ:پاکستانی خاتون اہلکار کیلئے عالمی خواتین پولیس امن ایوارڈ
جنگ نیوز -
اقوام متحدہ…جنگ نیوز…اقوام متحدہ امن مشن میں شاندار خدمات پر پاکستانی خاتون پولیس اہلکار کو عالمی خواتین پولیس امن ایوارڈ 2011ء سے نوازا گیاہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق پنجاب پولیس سے تعلق رکھنے والی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس شہزادی گلفام 1997ء میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ہوئیں۔ انہوں نے بوسنیا ہرزیگونیا، کوسوو اور مشرقی تیمور میں قیام امن کیلئے خدمات سرانجام دی ہیں۔ وہ مشرقی تیمور کے علاقہ ڈلی میں 2007ء سے قیام امن کیلئے خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے پیش نظر اقوام متحدہ نے انہیں امن ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہیں یہ ایوارڈ خواتین پولیس کی عالمی ایسوسی ایشن کی افتتاحی تقریب میں دیا جائیگا۔ اس امن ایوارڈ کیلئے اقوام متحدہ کے 7 امن مشنز میں شامل 12 خواتین کے درمیان مقابلہ تھا جسے پاکستانی خاتون پولیس اہلکار نے جیت لیا اور امن ایوارڈ کیلئے مستحق قرار پائیں۔