23 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:18
پرامن یوم سوگ منانے پر الطاف حسین کاعوام سے اظہار تشکر
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے معصوم شہریوں کے قتل عام کے خلاف ایم کیوایم کی اپیل پر منائے جانے والے پرامن یوم سوگ کوکامیاب منانے پرکراچی سمیت ملک بھرکے عوام خصوصاًدکانداروں،چھوٹے تاجروں،صنعتکاروں،ٹرانسپورٹرز،علمائے کرام،سیاسی ومذہبی جماعتوں، تمام تنظیموں اورعوام سے دلی تشکرکااظہارکیاہے۔اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ آج کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں کے دکانداروں، چھوٹے تاجروں، صنعتکاروں،ٹرانسپورٹ برادری اورعوام نے سفاک دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے قتل عام اوردہشت گردی کے خلاف ایم کیوایم کی جانب سے یوم سوگ کی اپیل پرجس طرح لبیک کہتے ہوئے اپنا کاروبار اورٹرانسپورٹ بندرکھااور بھرپوریکجہتی کااظہارکیا اس پر ہم کراچی، حیدرآبا، میرپورخاص، سکھر اور نوابشاہ سمیت سندھ کے تمام شہروں کی تاجرتنظیموں، چیمبرآف کامرس، صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنز،تمام علاقائی مارکیٹ انجمنوں،ٹرانسپورٹ تنظیموں ،تعلیمی اداروں کی انجمنوں اورملک بھرکے عوام سے دلی تشکرکااظہارکرتے ہیں۔ الطاف حسین نے یوم سوگ کی حمایت کرنے والی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی اوروکلاء تنظیموں، تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام ،مشائخ عظام اورزندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کابھی خصوصی شکریہ اداکیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج ملک بھرکے عوام نے کراچی کے معصوم شہریوں کے قتل عام اوردہشت گردی کے خلاف بھرپوریوم سوگ مناکراورپرامن احتجاج کرکے ثابت کردیاہے کہ پوری قوم درندہ صفت دہشت گردوں ،بھتہ خوروں اوراپنے مذموم مقاصدکیلئے ظلم وبربریت کابازارگرم کرنے والے سفاک عناصر کے خلاف متحدہے۔الطاف حسین نے یوم سوگ کوکامیاب بنانے اور ملک بھرمیں پرامن احتجاج کرنے والے تمام کارکنوں کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔