23 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:18
سردیوں میں گیس شارٹ فال 3گنا ہو جائیگا،سوئی ناردرن
جنگ نیوز -
لاہور…سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ایم ڈی عارف حمید کا کہنا ہے کہ آئندہ سردیوں میں گیس کا شارٹ فال 3 گنا بڑھے گا جس کے ساتھ لوڈشیڈنگ بھی بڑھ جائے گی تاہم صنعت کا پہیہ نہیں رکنے دیا جائیگا۔ایم ڈی سوئی گیس کمپنی عارف حمید نے لاہور میں پہلی بریفنگ کے دوران کہا کہ کئی سال سے گیس کے نئے ذخائر دریافت نہیں ہوئے بلکہ کئی ذخائر سے پیداوار میں کمی آئی ہے اور مجموعی پیداوار 1900 ملین کیوبک فٹ رہ گئی ہے۔ایم ڈی نے کہا کہ سردیوں میں ڈیمانڈ کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور آئندہ سردیوں میں مشکل صورتحال کا سامناکرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور کھاد کی قلت کے پیش نظر دو آئی پی پیز اور چاروں کھاد پلانٹس کو گیس بحال کر دی گئی ہے۔ عید پر ملک میں پورا ہفتہ سی این جی سیکٹر کو گیس ملے گی ۔ایم ڈی کا کہنا تھا کہ قادر پور گیس فیلڈ بند ہونے کے باعث ستمبر میں گیس لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کیا جائیگا جس دوران سی این جی اور ٹیکسٹائل سیکٹر زیادہ متاثر ہو گا۔