23 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:29
آفاق احمد کی درخواست ضمانت کی سماعت26اگست تک ملتوی
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ ہائی کورٹ نے مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد کے خلاف قتل کے مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت 26 اگست تک ملتوی کردی ہے۔آفاق احمد کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف درج تمام مقدمات میں ضمانتیں جبکہ ایک میں سزا کالعدم ہوچکی ہے مقدمہ قتل میں بھی ضمانت ان کے موکل کا حق ہے تاکہ وہ بھی آزاد فضامیں عید کی خوشیاں منائے،اس مقدمہ قتل میں انویسٹی گیشن آفیسر کی رپورٹ کے مطابق آفاق احمد کے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے ،سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس تسنیم احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ 1992 کیا آپ کو یاد نہیں مجھے تو ا ب تک یاد ہے ، شہر کے حالات درست نہیں ،آپ کے موکل اندر رہیں تو اچھا ہے ،تاہم جج نے کہا کہ جس کا حق بنتا ہے اسے ریلیف ملے گا ،میں نہیں جانتا کہ ملزم کون ہے کیا ہے اور کس پارٹی کا ہے،جس پر وکیل صفائی نے کہا کہ شہر کے حالات جو بھی ہوں موت اور زندگی اللہ کے ہاتھ ہے آپ قانون کے مطابق فیصلہ کریں آگے آفاق احمدکی قسمت۔