23 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:51
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مائع پٹرولیم گیس پالیسی2011کی منظوری دیدی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مائع پٹرولیم گیس پالیسی2011کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت ایل پی جی کی مقامی قیمت پر10 سے 12 روپے گیس ڈویلپمنٹ لیوی عائد ہوگی جو درآمدی اور مقامی پیداوار میں قیمت کے فرق کو کم کرے گی، جبکہ سیکریٹری خزانہ کاکہنا ہے کہ اس لیوی سے صارفین کیلئے گیس مہنگی نہیں ہوگی۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے اس پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ اس فیصلے سے مقامی اور درآمدی گیس کے لیے مقابلے کی فضا قائم ہوسکے گی۔ نئی پالیسی کے تحت مقامی مائع پٹرولیم گیس پر 100سے 120 ڈالر فی ٹن لیوی عائد ہوسکے گی اور اس طرح 3 ارب روپے حاصل ہوسکیں گے۔ انہو ں نے بتایاکہ Tariff Rationalization پالیسی پر بھی غور ہوا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنانے کیلئے چار نکات پر مبنی بریفنگ تیار کی جائیگی۔ جس میں نان ٹیرف بیریئرز کا خاتمہ، امپورٹ لائسنس کی چھوٹ،درآمدی ڈیوٹیاں کم اور یکساں کرنا اور ad valoruem duty عائد کرنا شامل ہے۔ ٹیکسٹائل، تجارت، صنعت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کی چار کمیٹیاں دو ماہ میں تجاویز تیار کریں گی۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان نے گزشتہ 20 سال میں درآمدی ڈیوٹیوں میں خاطر خواہ کمی کی ہے اور 250 فی صد سے کم کرکے انہیں 25 فی صد پر لایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیکسٹائل سٹی کے لیے گارنٹی کی حد ڈیڑھ ار ب روپے سے بڑھا کر 2 ارب روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کھاد کی درآمد کی حد 3 لاکھ سے بڑھا کر 3 لاکھ 75 ہزار ٹن کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے گیس کی فراہمی کی تجویز موخر کردی گئی۔