24 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:23
لیبیا کے عوام طرابلس کو غداروں سے پاک کریں، قذافی کا آڈیو پیغام
جنگ نیوز -
طرابلس…آسمان کھا گیا یا زمین نگل گئی۔۔ کل صدارتی محل پر مخالفین کے قبضے کے بعد سے اب تک کرنل قذافی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ طرابلس میں اب بھی قذافی کے حامی بعض مقامات پر مخالفین کے سامنے دیوار بنے ہوئے ہیں۔ معمر قذافی نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ عوام طرابلس سے غداروں کا صفایا کردیں۔ اکتالیس سالہ تخت تاج ہاتھ سے نکل چکا ہے لیکن قذافی ہار ماننے کو تیار نہیں۔ اپنے سب سے مضبوط گڑھ ال عزیزیہ سے فرار ہونے کے بعد ریڈیو خطاب میں کرنل قذافی کا کہنا تھا کہ فتح یا پھر شہادت تک لڑائی جاری رہے گی۔ قذافی کا کہنا تھا کہ انھوں نے حربے کے طور پر باب العزیزیہ کو خالی کیا ۔ اْدھر مخالفین نے واضح کیا ہے کہ وہ قذافی کو گرفتار کرکے ہی دم لیں گیاور مقدمہ بھی وطن میں ہی چلایا جائے گا۔ گزشتہ روز صدارتی محل پر قبضے کے باوجود قذافی کے مخالفین کو اب بھی ایئر پورٹ جانیوالے راستوں پر مزاحمت کا سامنا ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ ہوائی اڈے پر کوئی ہائی پروفائل شخصیت موجود ہے۔ طرابلس میں دو زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ دوسری جانب وسطی امریکا کے ملک نکاراگو ا نے کرنل قذافی کو پناہ دینے کی پیشکش کردی ہے۔