24 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:30
وفاقی کابینہ نے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کی منظوری دیدی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے کراچی میں قیام امن کیلئے 9 علاقوں میں سول آرمڈ فورسز کے ٹارگٹڈ آپریشن کی منظوری دیدی ، تاہم ان علاقوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ۔ وزیراطلاعات کا کہناہے کہ فوج بلاکر کراچی کو نیا زخم نہیں دیاجاسکتاہے۔ اسلام آبادمیں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم گیلانی کی زیرصدارت ہوا جس میں کراچی کی صورت حال پر تفصیلی غور کیاگیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، وہاں قیام امن کیلئے تمام فریقین کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات نے نیوزکانفرنس میں بتایاکہ الطاف حسین کاوزیراعظم سے استعفے کا بیان توڑمروڑ کرپیش کیاگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی میں فوج کو براہ راست نہیں بھجواسکتی، یہ صوبائی حکومت کا استحقاق ہے تاہم اس سے پہلے فوج بھجوانے کا کون سا اچھا انجام ہواتھا، کیا اب پھر فوج بلاکر کراچی کو نیا زخم دیا جائے؟ وفاقی وزیراطلاعات نے بتایاکہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے نندی پور اور چیچوں کی ملیاں میں ساڑھے نو میگاواٹ کے دو پاور پراجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے جو مارچ 2012 تک کام شروع کر دیں گے۔ وفاقی کابینہ نے حج ، عمرہ اور زیارت کے ریگولیشن ایکٹ کو غور کے لیے وزارت کو بھجوادیا ہے۔ جب کہ ای سی سی فیصلوں کی توثیق اور کئی ملکوں کے ساتھ ایم او یوز کی منظوری بھی دی گئی۔