24 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:21
پرامن احتجاج کرنے والے کارکنوں وعوام کوالطاف حسین کا خراج تحسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ قائد الطاف حسین نے اندرون سندھ ،صوبہ پنجاب خیبر پختواہ ، صوبہ بلوچستان سمیت کشمیر، گلگت بلتستان کی عوام نے کراچی کے معصوم شہریوں کے قتل عام کے خلاف ایم کیوایم کی اپیل پر منائے جانے والے پرامن یوم سوگ کوکامیاب بنانے پرحق پرست عوام سے دلی تشکرکااظہارکیاہے۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ملک بھرکے عوام نے کراچی کے معصوم شہریوں کے قتل عام اوردہشت گردی کے خلاف بھرپوریوم سوگ مناکراورپرامن احتجاج کرکے ثابت کردیاہے کہ پوری قوم درندہ صفت دہشت گردوں ،بھتہ خوروں اوراپنے مذموم مقاصدکیلئے ظلم وبربریت کابازارگرم کرنے والے سفاک عناصر کے خلاف متحدہے۔ الطاف حسین نے یوم سوگ کوکامیاب بنانے اور ملک بھرمیں پرامن احتجاج کرنے والے تمام کارکنوں وعوام کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثناء کراچی میں معصوم وبیگناہ مہاجروں کی نسل کشی کے بدترین عمل اور تسلسل کے ساتھ جاری قتل وغارتگری کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی اپیل پر یوم سوگ و مذمت خیبر پختونخواہ میں بھی بھر پور انداز میں منایا گیا۔اس سلسلے میں ایم کیو ایم ہری پور (ابیٹ آباد)مانسہرہ(ایبٹ آباد)، ڈیرہ اسماعیل خان ، پشاور، بنوں، پارہ چنار، سوات، اور مردان بھر میں ایم کیوایم کے کارکنان اور شہریوں سمیت مختلف تاجر وں وسماجی تنظیموں کی جانب سے بڑی تعداد میں گھروں،دوکانو ں، تنظیمی دفاتر کے علاوہ گلیوں، چوراہوں، گاڑ یوں پر بڑی تعداد میں سیاہ پرچم لہرائے گئے اورشہداء کراچی کے ایصال ثواب کیلئے قرآن وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے گئے جس میں ایم کیوایم کے ذ مہ داران وکارکنان کے علاوہ حق پر ست عوام نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔