26 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:16
اعجازالحسن کوصدر پی پی اوورسیز کمیٹی بنانے کا فیصلہ واپس لے لیاگیا
جنگ نیوز -
ڈیلس،ٹیکساس …راجہ زاہد اختر خانزادہ…پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی پولیٹیکل سیکریٹری رخسانہ بنگش کی جانب سے جاری کردہ ایک ای میل کے ذریعے اندرون ملک اور اوورسیز میں قائم پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری نے پروفیسر اعجازالحسن کو بحیثیت صدر پیپلزپارٹی اوورسیز کمیٹی بنانے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے لیاہے۔ واضح رہے کہ پروفیسر اعجازالحسن کی برطرفی کیلئے پیپلزپارٹی اوورسیز کے کئی چیپٹروں نے تحریری طور پر پارٹی قیادت کو درخواستیں روانہ کی تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ صدر اوورسیز کمیٹی امریکہ بھر میں پارٹی کو منظم کرنے کے بجائے اس میں انتشار پیدا کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ امریکہ میں دو متوازی تنظیموں کام کررہی ہیں جس کی وجہ سے مقامی اور پاکستان سے آنے والے پارٹی رہنما انتہائی پریشانی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی امریکہ کے صدر شفقت تنویر نے پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے اس فیصلے پر گہری مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکے اس فیصلے سے پارٹی منظم ہوگی اور پارٹی میں انتشار اور گروپ بندی کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی۔