26 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:25
کراچی :اورنگی ٹاوٴن میں نجی بینک سے 45 لا کھ روپے لوٹ لئے گئے
جنگ نیوز -
کراچی…افضل ندیم ڈوگر...کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں نجی بینک سے 45 لا کھ روپے لوٹ لئے گئے، عید قریب آتے ہی شہر میں لوٹ مار کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاوٴن میں شارع اورنگی پر میٹرو سینما کے قریب واقع نجی بینک میں 7 مسلح ملزمان نے واردات کی۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان شلوار قمیص میں تھے جو صبح 9 بج کر پانچ منٹ بینک میں داخل ہوئے جنہوں نے اسلحہ کے زور پر بینک میں تعینات پولیس کانسٹبل اور پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ کو یرغمال بنالیا اور ان سے اسلحہ چھین کر کاوٴنٹرپر موجود لگ بھگ 45 لاکھ روپے لوٹ لئے اور فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق ملزمان نے صرف تین منٹ میں واردات مکمل کی۔ کراچی میں روان ماہ کے دوران پانچویں بینک ڈکیتی ہے۔ جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتیں بھی غیرمعمولی حد تک بڑھ گئی ہیں۔