تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
30 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:56

سندھ میں موسلا دھار بارشیں،مختلف اضلاع میں ایمرجنسی نافذ

جنگ نیوز -


کراچی . . . . . سندھ کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے موسلادھاربارش جاری ہے، نشیبی علاقے زیر آب گئے ہیں۔ سکھر، خیرپور، نوشہرو فیروز اور نوابشاہ میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،سکھر اور قرب و جوار میں موسلادھار بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ڈی سی او نے مزید بارشوں کی پیشن گوئی کے بعد ایمرجنسی نافذ کر کے متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔خیرپور شہر اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔ علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ضلع ایڈمنسٹریٹر نے ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ ڈی سی او، ای ڈی او ریونیو اور ٹی ایم اے خیرپور کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں،نوشہروفیروز میں بھی موسلادھار بارشوں کے باعث ڈی سی او نے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ جیکب آباد ، لاڑکانہ اور ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی ہے۔ نوابشاہ میں رات سے وقفے وقفے سے موسلادھاربارش جاری ہے۔ ٹاوٴن میونسپل ایڈمنسٹریٹر کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ، سیم نالے بند ہونے کی وجہ سے نہروں میں طغیانی ہے۔گوٹھ بخشو جمالی میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ضلع بدین میں بھی گزشتہ شام سے وقفہ وقفہ سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔حیدرآباد اور جامشورو اضلاع میں بارش سے گرمی اور حبس میں کمی واقع ہوئی ہے۔ٹھٹھہ، ٹنڈو جام، ٹنڈوالا یار، میرپورخاص، جھڈو، نوکوٹ، عمر کوٹ، کنری، مٹھی اور چھور سمیت تھر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔پنجاب کے ضلع وہاڑی، میاں چنوں، فیصل آباد اور مضافات میں بھی وقفہ وقفہ سے بارشیں جاری ہیں۔ بلوچستان کے علاقوں سبی ،حب اور بیلہ میں بھی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.