تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
31 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:13

کوئٹہ:بم دھماکے میں10ہلاک،20سے زائد زخمی

جنگ نیوز -


کوئٹہ…کوئٹہ میں زور دار بم دھماکے میں تین خواتین سمیت دس افراد جاں بحق جبکہ بیس سے زائد زخمی ہوگئے ۔ سی سی پی او کوئٹہ احسن محبوب کے مطابق دھماکہ گلستان روڈ پر کار میں ہوا، سی سی پی او کے مطابق دھماکہ خود کش حملہ تھاجس میں خود کش حملہ آور دھماکہ سے بھری گاڑی قریب میں عید گاہ سے ٹکرانا چاہتا تھا کہ اس اثناء میں گاڑی میں دھماکہ ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں تقریبا پچیس کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا،دھماکہ اتنی شدید نوعیت کا تھا کہ اس کی زد میں آکر پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ بیس سے زائد زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد قریب میں کھڑی دس گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ قریب میں دو گھروں کی چھتیں اور دیواریں بھی گر گئیں، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی افراد کو سول ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیاگیا، جہاں پانچ مزید افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے،دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دوسری جانب بلوچستان شیعہ کانفرنس، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، مجلس وحدت مسلمین ، جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن ، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی اور تحفظ عزاداری کونسل نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، مجلس وحدت مسلمین اور تحفظ عزاداری کونسل نے واقعہ کے خلاف سات روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ وزیراعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کی جانب سے بھی واقعہ کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.