2 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:3
بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں رمضان المبارک میں 34بے گناہ کشمیری شہید
جنگ نیوز -
سرینگر…جنگ نیوز…مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں رمضا ن المبارک کے مہینے میں1 خاتون سمیت 34بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے1 نوجوان کو دوران حراست شہید کیا گیا۔ان شہادتوں کے نتیجے میں 2خواتین بیوہ اور 3بچے یتیم ہوگئے۔اس دوران بھارتی فوجیوں نے پر امن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے97افراد کو زخمی کردیا جن میں سے زیادہ تر شدید زخمی ہیں جبکہ 212شہریوں کوجن میں اکثریت نوجوانوں کی ہے گرفتار کیاگیا۔رمضان المبارک کے دوران بھارتی پولیس اہلکاروں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے میں 3رہائشی مکانات کو نقصان پہنچایا اور ایک خاتون کی بے حرمتی کی۔ کپواڑہ کے علاقے کیرن میں گزشتہ رات مجاہدین کے ایک حملے میں بھارتی فوج کا جونئر کمیشنڈ آفیسر مارا گیا۔بدرواہ کے علاقے شرکھی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف علاقے میں بڑے پیمانے پر بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے۔بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو سوپور میں نماز عید کی ادائیگی کے بعدسرینگر واپسی پر پھر گھر میں نظربند رکھا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ حال ہی میں جیل سے رہائی پانے والے حریت رہنماؤں غلام نبی سمجھی اور قاضی یاسر کے گھرگئے اور ان سے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔