2 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:47
ملک بھر میں بارشیں،24گھنٹوں میں21افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی…ملک کے مختلف علاقوں خصوصاً سندھ میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔سندھ کے مختلف مقامات پر حادثات میں 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ جنوبی وزیرستان کے علاقہ کشمیر کٹ سے ٹانک آنے والی 2 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں اور ایک شخص لاپتا ہوگیا۔ملک کے مختلف علاقوں میں جاری بارشوں میں 24گھنٹوں میں ہلاک افراد کی تعداد21ہو گئی ہے۔ دادو ، جوہی ، میہڑ، کے این شاہ ، سیتا روڈ ، کاچھو ، بھان سعید آباد اور دیگر شہروں میں گزشتہ 3 گھنٹے سے مسلسل موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری و دیہی علاقے 2 سے 6 فٹ میں ڈوب گئے ہیں۔جوہی میں طوفانی بارش کے باعث چینجانی شاخ میں گاوٴں بخش علی کے مقام پر 15 فٹ اور سنجرانی شاخ کو گاوٴں گوٹھ پنہور کے مقام پر 20 فٹ چوڑے شگاف پڑنے سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔ نیو کالونی ،فرید کالونی ،بروہی محلے کی کچی آبادی میں کچے مکانات گرگئے،متاثرین اسکولوں اور سرکاری عمارتوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ ادھر خیرپور میں نارا کے پہاڑوں سے آنے والے پانی کے ریلے سے باقر شاہ حفاظتی بند اور سورہ بند بہہ جانے کے باعث نارا کے کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ جبکہ تعلقہ ہیڈکوارٹر شہر چونڈکو کے ڈوبنے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ ضلع بدین کے 200 سے زائد دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ جہاں وبائی امراض میں مبتلا ہوکر دو بچے ہلاک ہوگئے۔ دیہی علاقوں میں درجنوں کچے مکانات منہدم ہوئے۔ گزشتہ دو روز کے دوران بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ کشمور اور کندھ کوٹ میں تیز بارش کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔ شکار پور کے علاقے مدیجی میں گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی زخمی جبکہ انکے 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔ نوشہرو فیروز کے علاقے وارڈ نمر4 مورو میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ضلع لاڑکانہ ، قمبر شہدادکوٹ اور ٹھٹھہ میں گزشتہ چار روز سے وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارشوں کے باعث بازاروں اور گلیوں میں گندگی اور کیچڑ جمع ہے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان میں بھی موسلا دھاربارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور کئی کچے مکانات گرگئے۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے کشمیر کٹ سے ٹانک آنے والی 2 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں اورایک شخص لاپتا ہوگیا۔ پنجاب میں ہارون آباد اور گردنواح میں آندھی کے بعد موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ ڈیرہ غازی خان کی درگ لہڑ ندی میں بدستورطغیانی،قبائلی علاقہ فاضلہ کچھ کاتیسرے روز بھی زمینی رابطہ منقطع ہے۔