10 جنوری 2012
وقت اشاعت: 13:58
فاٹا میں چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کا اعلان کردیا گیا
جنگ نیوز -
پشاور…فاٹا میں چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت نومولود بچوں کی رجسٹریشن، تعلیم اور صحت کے سہولیات کی فراہمی اور تشدد جیسے برائیوں سے دور رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ پالیسی کا اعلان گورنرہاوٴس پشاور میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا۔ جس میں گورنرخیبرپختون خوا مسعود کوثر، نادرا اور فاٹا سیکریٹریٹ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر نادرا اور فاٹا سیکریٹریٹ حکام نے فاٹا میں نومولود بچوں کے برتھ سرٹیفیکیٹ بنانے پر مفاہمت کی اوریادداشت پر دستخط کئے۔ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کے تحت فاٹا میں بچوں کی تعلیم اورصحت کی سہولیات کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔جبکہ تشدد، استحصال، امتیازی سلوک سمیت دیگربرائیوں سے تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ پالیسی کے تحت فاٹا میں چائلڈ پروٹیکشن کمپلکس اورسنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ گورنرخیبرپختون خوا نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فاٹا میں چائلڈ پروٹیکشن پالیسی ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی پالیسی ہے۔جس کے تحت فاٹا میں بچوں کے حقوق کی تحفظ کیا جائے گا۔