10 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:54
ایسا اقدام نہ کیاجائے جس سے کشمیرکاز کو نقصان پہنچے، فضل الرحمن
جنگ نیوز -
اسلام آباد … پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے امور کشمیر کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارت کے دوران کوئی ایسااقدام نہ کیا جائے، جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے۔ پاکستان کی طرف سے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے سے متعلق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس اسلام آبادمیں مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے بعد چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کوپسندیدہ ملک قرار دینے کے معاملے پر کمیٹی وزارت تجارت اور خارجہ کے موٴقف سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت کی بریفنگ کے مطابق ڈبلیو ٹی او کے ممبرز ہونے کے ناطے دونوں ملکوں نے 1948 سے 1965 تک پسندیدہ ملک کے قوانین کے تحت تجارت جاری رکھی۔ مولانا فضل الرحمن نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر جامع مذاکرات کے دوران بھی مسئلہ کشمیر پر دیگر ایشو اثر انداز ہوئے تو پاکستان دوسرے شعبوں میں بھارت کے ساتھ تعاون معطل کرکے کشمیر کاز کو ترجیح دے گا۔