10 جنوری 2012
وقت اشاعت: 17:20
این آر او پر شور مچانے والے پلی بارگین نہ بھولیں،وزیراعظم گیلانی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ این آر او پر ایک بحث چل رہی ہے حلانکہ این آر او تو پہلے بھی ہوتے تھے پہلے ہونے والے این آر او کو پلی بارگین کے نام سے جانا جاتا ہے دونوں میں کوئی فرق نہیں ،فرق صرف اتنا ہے کہ ہمیں تنقید کا نشانہ بنایاجاتاہے اور دوسروں کونوازا جاتاہے لیکن پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی روایت ہے کہ نہ کبھی دبے اور نہ کبھی جھکے۔ وزیراعظم گیلانی نے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہ نماوٴں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اصولوں کی سیاست کرتے ہیں جبکہ دوسرے اقتدار کی خاطر اپنے اصول بدل لیتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ سارے ڈکٹیٹر بے گناہ جبکہ تمام سیاستدان کرپٹ ہیں،ان کا کہنا تھا کہمشرف کے اربوں روپے کے اثاثوں کی بات میڈیا پر آئی لیکن اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوگا، جب وہ جیل میں تھے ان سے بھی فرشتے ملنے آتے تھے اور بامشرف ہونے کی دعوت دیتے تھے،لیکن بے ضمیری کے تحت اقتدار میں آنے پر کبھی غور نہیں کیا،وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے قانون میں شق متعارف کرادی کہ تن خواہ دار ملازم اثاثے ظاہر کرے گاان کا کہناتھاکہ ان کی حکومت بجلی اور گیس بحران پرجلد قابو پالے گی ترجمان وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم 21 جنوری کو سرگودھا میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔