5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
جڑواں شہروں میںآ ندھی اور بارش،درخت اور سائن بورڈ اکھڑ گئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی دارالحکومت ، اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راول پنڈی میں آج علی الصبح تیز آندھی اور موسلا دھار بارش ہوئی جس نے کئی درخت اور اشتہاری سائن بورڈز اکھاڑ دئے۔دونوں شہروں کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جبکہ دن کے آغاز پر اس میں اچانک شدت آگئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق چلنے والی آندھی کی رفتار تقریبا نوے کلومیٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ اسلام آباد میں24 اور راول پنڈی میں41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، آندھی کے باعث کئی مقامات پر درخت ٹوٹ گئے اور بعض تو جڑوں سے اکھڑے ہوئے نظر آئے ، چند مقامات پر اشتہاری سائن بورڈز گر گئے اور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں، آندھی کی شدت اتنی زیادہ تھی کی اسٹریٹ لائٹس کے کھمبے بھی گرے ہوئے نظر آئے۔