تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

ممبئی حملوں کی تحقیقات، بھارت پاکستان کیساتھ مشترکہ کمیشن پر تیار

جنگ نیوز -
نئی دہلی . . . . . . . . . بھارت نے مبئی حملوں کے دو انتہائی اہم گواہوں کے بیانات نئی دلی میں ریکارڈ کرنے سے متعلق پاکستانی تجویز کو قبول کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ بھارتی اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں پر کمیشن قائم کرکے اسے نئی دلی بھیجنے اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کی پاکستانی تجویز پر بات چیت کیلئے بھارت کو کوئی اعتراض نہیں۔ تاہم اس سلسلے میں اسلام آباد کی جانب سے باضابطہ درخواست کا انتطار ہے۔یہ دو اہم گواہ اجمل قصاب کا اعترافی بیان ریکارڈ کرنے والا مجسٹریٹ اور حملوں کی تحقیقات کرنے والا پولیس افسر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو اِن دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کی اجازت دینے کا معاملہ آگے بڑھانے پر بھارتی حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں۔ کیونکہ نئی دلی پہلے ہی اپنے حکام کو پاکستانی عدالت کے سامنے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بیان دینے پر رضامندی ظاہر کرچکا ہے۔ ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق یہ پیغام بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم کی پاکستانی ہم منصب سے ہفتے کو ٹیلے فون پر ہونے والی بات چیت میں پہنچایا گیا۔ اس بات چیت میں کمیشن کے قیام کی تجویز کے علاوہ پاکستان میں ممبئی حملوں کے مبینہ ملزمان پر چلنے والے مقدمے اور سیکیورٹی سے متعلق معاملات بھی زیربحث آئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.