تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 اگست 2011
وقت اشاعت: 2:42

کراچی :پی پی کور کمیٹی اجلاس ،بلا امتیاز کارروائی کی حمایت

آج نیوز - پیپلزپارٹی کی کور کمیٹی نے کراچی میں بلاامتیاز کارروائی کی مکمل حمایت کردی۔ کراچی کی صورتحال پر اسلام آباد میں صدر زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صدرآصف علی زرداری اور کورکمیٹی نے سندھ حکومت کے شرپسندوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کے فیصلے کو سراہا۔ کور کمیٹی نے امن کی بحالی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور عوام سے صوبائی حکومت کی مدد کرنے کی اپیل کی۔ اجلاس کے دوران صدرآصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ٹیلی فون کیا اور کراچی کے امن و امان خراب کرنے والے مجرموں کے خلاف کارروائی کے لئے وفاقی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر کو بتایا کہ کراچی میں شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی نگرانی کے لئے آپریشن روم قائم کردیا گیا ہے۔ صدر زرداری نے کراچی میں امن کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ کورکمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجرموں کے خلاف عدالتوں میں فوری چالان جمع کرنے کے لئے وفاقی حکومت صوبے میں پراسیکیوشن برانچ کو مضبوط کرنے میں مدد دے گی۔ اجلاس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سینیٹ میں قائد ایوان سید نیئرحسین بخاری ، وفاقی وزراء مخدوم امین فہیم ، سید نوید قمر،خورشید شاہ ، فیصل رضا عابدی، بابراعوان ، راجہ پرویزاشرف ، نظرمحمد گوندل، قمرزمان کائرہ اور دیگر شریک تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.