تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:41

عالمی اقتصادی بحران کے باوجود غربت کا شکار افراد خط غربت سے اوپر

آج نیوز - ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران عالمی اقتصادی بحران کے باوجود ایشیائی خطے کے ساڑھے چوبیس کروڑ غربت کا شکار افراد خط غربت سے اوپر آگئے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران عالمی سطح پر معاشی بحران کے باوجود ایشیائی ممالک کی معاشی کارکردگی بہتر رہی اور ان ممالک میں سبک اقتصادی ترقی کے باعث ایشیائی خطے کے چوبیس کروڑ پچاس لاکھ افراد غربت کے چنگل سے نکل آئے ہیں۔ اس دوران چین کے سب سے زیادہ چودہ کروڑ تیرہ لاکھ افراد نے انتہائی غربت سے چھٹکارا پایا۔ رپورٹ کے مطابق دو ہزار پانچ سے دو ہزار آٹھ کے دوران ایشیائی ممالک کے چودہ کروڑ ننانوے لاکھ افراد خط غربت سے اوپر آگئے جبکہ دو ہزار آٹھ سے دو ہزار دس تک مزید نو کروڑ چون لاکھ افراد غربت کے چنگل سے بچ نکلے۔ تاہم انڈونیشیا ، پاکستان اور نیپال جیسے کم آمدنی والے ممالک میں غربت میں اضافہ ہوا۔ جبکہ فلپائن میں غربت کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ممالک کی مجموعی آبادی میں غربت کا شکار افراد کا تناسب کم ہو کر اٹھارہ اعشاریہ سات فیصد ہوگیا ہے۔ جو دو ہزار پانچ میں ستائیس اعشاریہ ایک فیصد تھا۔ اس کے باوجود عالمی سطح پر سب سے زیادہ غربت ایشیائی خطے میں ہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.