25 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:7
ایپل کمپنی کے سی ای او اسٹیو جوبز مستعفی
آج نیوز - آئی پیڈ، آئی فون اور دیگر جدید الیکٹرونک ڈیوائسز متعارف کرا کے دھوم مچانے والے ایپل کمپنی کے سی ای او اسٹیو جوبز نے استعفیٰ دے دیا۔ اسٹیو جوبز کو سیلیکون ویلی کا لیجنڈ قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے سیل فون، کمپیوٹر اور ایم پی تھریز کے جدید ڈیزائن پیش کر کے ایپل کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ آئی پیڈ، آئی فون اور میک کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم کی بدولت انہوں نے حریف کمپنیوں کو مشکلات سے دوچار کیا۔ یہی وجہ ہے کہ چین، جاپان اور آسٹریلیا میں اسٹیو جوبز کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اْن کا خیال ہے اسٹیو جوبز کے بعد بھی ایپل کمپنی ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔ اسٹیو جوبز لبلبے کے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور کئی ماہ سے وہ سی ای او کی حیثیت سے استعفیٰ دینے پر غور کر رہے تھے لیکن اب بھی ایپل کمپنی کی چیئرمین شپ اْن کے پاس رہے گی۔ اسٹیو جوبز کے دست راست ٹم کوک ان کی جگہ لیں گے۔ امید ہے اسٹیو جوبز کے بعد بھی نت نئے سیل فونز اور دیگر الیکٹرونک ڈیوائسز مارکیٹس کی زینت بنتے رہیں گے۔