27 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:15
کراچی کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہاہے ،فاروق ستار
آج نیوز - ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں صرف بدامنی نہیں، شہر کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، حکمرانوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو خوفناک نتائج برآمد ہوں گے۔لاہور میں پارٹی کارکنوں کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کا امن بحال کرنے کے لئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لانا ہو گی۔ مراعات یافتہ طبقہ بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک کی معاشی شہ رگ کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
فاروق ستار نے کہا کہ اگر ووٹ کے ذریعے اس ملک میں انقلاب نہ آیا تو عوام تیونس، مصر اور لیبیا جیسا انقلاب لانے پر مجبور ہوں گے۔
ایم کیو ایم کے رہنماء کا کہنا تھا کہ ملکی پیداوار دو فیصد جبکہ بیرونی قرضے دس فیصد کی شرح سے بڑھ رہے ہیں، ایسے میں معاشی استحکام کا خواب کیسے پورا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا، منشیات فروشوں اور اسلحہ کے سوداگروں نے کراچی کا امن تباہ کیا ہے، حالات کو کنٹرول کرنا صوبائی اور وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔