تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:16

سپریم کورٹ: کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی جامع تفصیلات طلب

آج نیوز - سپریم کورٹ نے کراچی میں بدامنی کے حوالے سے حکومتی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کی جامع تفصیلات طلب کر لیں، ازخود نوٹس کی آئندہ سماعت انتیس اگست کو کراچی میں کی جائے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر ملک بچانا ہے تو کراچی کا مسئلہ حل کرنا ہو گا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے کراچی میں بدامنی اور قتل و غارت پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر افتخار گیلانی نے اے این پی کی جانب سے فریق بننے کی درخواست جمع کرائی۔ وفاق، چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ کی جانب سے بابر اعوان بطور وکیل پیش ہوئے۔ عدالت نے کراچی میں بد امنی سے متعلق اٹارنی جنرل کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کراچی میں کیا ہو رہا ہے، کراچی میں ایک ماہ سے حالات کنٹرول سے باہر ہیں۔ شہر میں ایک ہڑتال ہو تو پچیس ارب کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ اٹھارہ کروڑ عوام کے مطالبے پر یہ کیس سن رہے ہیں۔ کراچی کے حالات پر میڈیا نے جو مواد فراہم کیا وہ دیکھنے کے بھی قابل نہیں۔ بتایا جائے کہ کتنی بوری بند لاشیں ملیں اور کتنے سر قلم ہوئے۔ کتنے افراد کے جسموں میں ڈرل کی گئی اور کتنوں کے اعضاء کاٹے گئے۔ عدالت نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حقائق ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے لیے جائیں۔ سندھ حکومت نے عدالت میں موٴقف اختیار کیا کہ کراچی کے مسئلے کا حل عدالت کے پاس نہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ ایک ماہ میں بد امنی کے پانچ سو مقدمات درج کیے گئے۔ سندھ حکومت کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ کا کہنا تھا کہ کوئی حکومت دنوں میں حالات درست نہیں کر سکتی۔ کراچی کے حالات پر مفصل رپورٹ پیش کرنا چاہتا ہوں، وقت دیا جائے۔ جسٹس غلام ربانی نے ریمارکس دیئے کہ سب جانتے ہیں ٹارگٹ کلنگ میں کون ملوث ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کراچی کے خراب حالات میں جو بھی ملوث ہو اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ پولیس کے نااہل لوگوں کو فارغ کیا جائے۔ بعد میں مزید سماعت انتیس اگست تک ملتوی کر دی گئی، پانچ رکنی بنچ آئندہ سماعت کراچی میں کرے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.