27 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:16
وکیل کے قتل کیخلاف وکلاء کا ماتحت عدالتوں کا بائیکاٹ جاری
آج نیوز - کراچی میں وکیل کے قتل کے خلاف سندھ بھر میں وکلاء کا ماتحت عدالتوں کا بائیکاٹ جاری ہے۔ وکلاء نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج تیس اگست تک جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ مرتضٰی چنائے ایڈووکیٹ کے قتل پر سندھ بار کونسل کے اجلاس میں آج سندھ بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ کراچی کی ماتحت عدالتوں میں وکلاء کی ہڑتال جاری ہے۔ سٹی کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں معمول کی کارروائی تعطل کا شکار ہے۔ ہائیکورٹ میں سندھ ہائیکورٹ بار، ملیر اور کراچی بار کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج تیس اگست تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے دوران صرف انتہائی ضروری کیسز کی سماعت چمیبر میں ہوگی۔ لاڑکانہ، سکھر اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور مرتضٰی چنائے ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء کے قتل کے خلاف احتجاج کیا۔