3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:35
سمندری طوفان آئرین نیویارک کے ساحل سے ٹکرا گیا، 8 ہلاک
آج نیوز - سمندری طوفان آئرین نیویارک کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ شمالی کیرولینا میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔ سمندری طوفان آئرین شمالی کیرولینا میں تباہی اور ہلاکتوں کا سبب بننے کے بعد نیویارک پہنچا۔ گو کہ اس کی شدت کم ہوچکی تھی۔ لیکن اس کے باوجود بھی حکام نے اسے خطرہ تصور کیا۔ دو فٹ اونچی لہریں ساحل سے ٹکرائیں۔ تیز ہوا کی زد میں جو کچھ آیا اسے ہلا کر رکھ دیا۔ حکام کا کہنا ہے غیرمتوقع بارش کی وجہ سے میری لینڈ کا ڈیم ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ طوفانی ہوا سے انسان محفوظ رہے نہ اس کا بنایا گیا ساز و سامان۔ خوفزدہ حکام نیویارک کے باسیوں کو پہلے ہی خطرے سے آگاہ کر چکے تھے۔ زیر زمین آمد و رفت کے نظام میں سیلاب کا خطرہ تھا۔ اسے بند کردیا گیا اور لوگوں کو گھر سے نہ نکلنے اور ساحلی علاقوں میں مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا حکم دیا گیا تھا۔ اسپتالوں سے بھی سات ہزار مریض منتقل کئے گئے۔ نیویارک کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمد و رفت ہفتے سے بند ہے۔ ایک اندازے کے مطابق نو ہزار پروازیں منسوخ کی گئیں۔ نیویارک سے پہلے سمندری طوفان نے ریاست شمالی کیرولینا میں تباہی مچائی اور چھ افراد ہلاک ہوئے۔ ورجینیا میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ وزیر دفاع لیون پنیٹا نے چھ لاکھ پانچ ہزار فوجی کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کیلئے چوکنا کردیا ہے۔ فلاڈلفیا میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔