3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:36
دنیا بھر میں مسلمان رمضان کے دوران مہنگائی سے متاثر
آج نیوز - دنیا بھرمیں کروڑوں مسلمانوں کو ماہ صیام کے دوران اشیاء کی قیمتوں میں ہوشرابا اضافے نے بری طرح متاثر کیا ہے۔ بین الاقوامی امدادی گروپ آکسفام اور یورپی این جی او میڈ کے مطابق ماہ رمضان کے دوران دنیا بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے مسلمان صارفین زیادہ متاثرہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہونے سے لاکھوں روزے داروں میں افطارکا اہتمام متاثر ہوا ہے۔ آکسفام سروے میں متعدد خاندانوں نے مہنگائی کی وجہ سے افطار کا اہتمام دشوار ہونے کی شکایت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس خوراک کے وافر ذخائرموجود ہونے کے باوجود کمزور معیشت اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے لاکھوں افراد کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا ہے۔ پاکستان میں رمضان سے قبل ہی بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں سترہ فیصد بڑھ گئی تھیں۔ یہی صورتحال یمن اور بنگلہ دیش میں بھی دیکھی گئی۔ رپورٹ میں دنیا بھر کی حکومتوں سے مہنگائی پر کنٹرول کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ کیونکہ روزانہ بانوے کروڑ پچاس لاکھ افراد بھوکے رہ جاتے ہیں۔