3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:42
چلی:لاپتہ طیارے کا ملبہ بحرالکاہل پر موجود، اکیس افراد کی ہلاکت کا خدشہ
آج نیوز - چلی میں لاپتہ ہونے والے طیارے کا ملبہ بحرالکاہل پر نظر آیا ہے اور حکام نے تمام اکیس افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔چلی کی فضائیہ کا طیارہ گذشتہ رات دارالحکومت سانتیاگو سے جزیرہ فرنانڈس جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق طیارے نے دو مرتبہ ہوئی اڈے پر اترنے کی کوشش کی لیکن تیز ہوا اور جھکڑوں کے باعث ناکام رہا اور لاپتہ ہوگیا۔ حکام نے فورًا ہی طیارے کی تلاش شروع کردی۔ شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ تقریبا دو ہزار میٹر فاصلے پر بحرالکاہل میں بعض مسافروں کا سامان، طیارے کا دروازہ وغیرہ دکھائی دیا ہے۔ میئر کا کہنا ہے کہ اب تک اسے حادثہ فرض کیا جارہا ہے اور خیال ہے کہ طیارے میں سوار کوئی فرد زندہ نہیں بچا۔ تاہم وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ابھی تک طیارے کو لاپتہ ہی تصور کیا جارہا ہے۔ اس طیارے میں چلی کے معروف پرو گرام کے میزبان فلپ کیمیروگابھی اپنی ٹیم کے ہمراہ سوار تھے۔ فلپ کیمیروگا اس جزیرہ کی تعمیر نو پر پروگرام کرنے گئے تھے۔ یاد رہے کہ جزیرہ فرنانڈس پر گذشتہ سال ستائیس فروری کو آٹھ اعشاریہ آٹھ شدت کا زلزلہ آیا تھا اور سونامی کے باعث یہاں کافی تباہی ہوئی تھی۔