24 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:43
حکومت کو ادائیگیاں نہ کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں کو نوٹس
اے آر وائی - اسلام آباد : سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے حکومت پاکستان کی اربوں روپوں کی ادائیگیاں نہ کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں کے سر براہان کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔
کمیٹی کا اجلاس چیئر مین سینیٹر زاہد خان کی صدارت میں شروع ہوا جس میں آئی ٹی این ٹیلی کام کے متعلقہ امور زیر غور لائے گئے۔سینیٹر فیصل رضا عابدی نے یونی ورسل سروس فنڈز میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کے ثبوت کمیٹی میں پیش کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ یونی ورسل سروس فنڈز میں پچپن ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے اور سی ای او یونی ورسل سروس فنڈز نے چوبیس ارب کے ٹھیکے ڈیفالٹرز کمپنیوں کو دیے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام کمپنیوں نے حکومت کے ایک سو تہتر ارب روپے کی ادائیگیوں پر حکم امتناع لے رکھا ہے۔ کمیٹی نے پی ٹی سی ایل کا رو نیو انیس ارب سے کم ہو کر چار ارب روپے پر آنے پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ۔
چیئر مین کمیٹی زاہد خان نے کہا نے کہا کہ جو بھی کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کرتی ہے وہ پاکستان کے قوانین کی پابند ہے۔ سیکرٹری آئی ٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ توہین رسالت پر مبنی بارہ ہزار ویب سائٹس کو بند کردیا گیا ہے ۔