11 جنوری 2012
وقت اشاعت: 9:59
پیر صاحب پگارا کے انتقال پر سندھ بھر میں سوگ
اے آر وائی - پیر صاحب پگارا کے انتقال پر سندھ بھر میں سوگ کی سماں ہے ، تجارتی مراکز بند ہے ۔ پیر صاحب کے مرید ،عقیدت مند شدت غم سے نڈھال ہیں۔ کنگری ہاؤس کراچی میں پیر پگارا کی رہائش گاہ پر لوگوں کی بڑی تعداد تعزیت کے لیے آرہی ہے۔
پیر پگارا کے انتقال کی خبر ان کے مریدوں اور عقیدت مندوں پر بجلی بن کر گری ہے ۔ سندھ بھر میں ان کے چاہنے والے شدت غم سے نڈھال ہیں۔ کراچی میں پیر پگارا کی رہائش گاہ کنگری ہاؤس پر مریدوں ، عقیدت مندوں اور مختلف سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد پہنچی اور لوگ اشک بہاتے رہے ۔
خیر پور میں پیر پگارا کے آبائی علاقے پیر جو گوٹھ میں سوگ کا سماں ہے دکانیں بند ہیں اور مرید دھاڑیں مار مار کر روتے رہے سانگھڑ کے بازار بھی سوگ میں بند ہیں اور لوگ پیر پگارا کے انتقال پر افسردہ نظر آئے۔
بدین ، حیدرآباد ، لاڑکانہ ، سہیون اور دیگر شہروں میں بھی پیر پگارا کے انتقال پر سوگ کا سماں ہے ، تجارتی مراکز بند ہیں عقیدت مند اور مرید پیر پگارا کے جسد خاکی کے وطن پہنچنے کے منتظر ہیں۔