29 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 9:33
اٹلی سے پکڑا گیا مبینہ دہشتگرد عثمان اسلام آباد ایئر پورٹ پر پاکستان کے حوالے
جیو نیوز - کراچی... افضل ندیم ڈوگر...اٹلی سے واپسی پر اسلام آباد ائرپورٹ سے گرفتار ایک ملزم کو ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے جو ملزم سے سانحہ پشاور کے حوالے سے اطلاعات کی تفتیش کرے گا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق خیبر پختون خواہ کے علاقے صوابی سے تعلق رکھنے والے ملزم عثمان غنی کو گذشتہ روز اٹلی سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا جو ابوظہبی کے راستے جمعرات کی صبح اسلام آباد پہنچا تو اسے ایف آئی اے امیگریشن حکام نے گرفتار کرلیا۔ جسے بعد ازاں ایف آئی اے پاسپورٹ سیل منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم عثمان غنی کا پاکستان میں مطلوب دہشت گردوں کی فہرست یا کسی بھی ریڈ بک میں شامل نہیں ہے تاہم پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں ملوث دہشت گردوں کی معاونت کرنے کی مبینہ اطلاعات کے بعد ملزم سے مزید تفتیش کا فیصلہ کیا گیا۔ جس پر عثمان غنی کو آج ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔