29 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 11:18
بلدیاتی انتخابات:پہلے مرحلے کی انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہو رہی ہے
جیو نیوز - لاہور....... پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کےپہلے مرحلے کے لیے 20 اضلاع میں انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہو رہی ہے ، پولنگ انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ انتخابی سامان کل پریذائڈنگ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔
پنجاب کے 12 اور سندھ کے 8 اضلاع میں جاری انتخابی مہم میں امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے، کارنر میٹنگ اور گھر گھر جا کر اپنے پروگرام سے متعلق بتانے کا سلسلہ جاری ہے ، دونوں صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے جماعتی بنیادوں پر انتخابات ہو رہے ہیں ۔
بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوگئی ہے جو تمام ضلعی ہیڈ کواٹر میں پہنچا دیے گئے ہیں،کل انتخابی سامان پولنگ اسٹاف کے حوالے کیا جائے گا۔پنجاب کے بارہ اضلاع میں لودھراں، وہاڑی، اوکاڑہ، پاک پتن، بہاول نگر، فیصل آباد، بھکر، لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، گجرات اور چکوال کے 2 کروڑ 66 ہزار سے زاید ووٹر اپنا حق استعمال کریں گے.
جنرل کونسلر ، چیئرمین اوروائس چیئرمین کے لیے 40ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں، ان اضلاع میں 16ہزار 266 پولنگ اسٹیشن قائم کیےگئے ہیں۔
پہلے مرحلے میں لاہور میں میٹروپولیٹن کارپوریشن، فیصل آباد اور گجرات کے شہری علاقوں میں میونسپل کارپوریشن ، لاہور کے علاوہ گیارہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ کونسل کی تشکیل کے لیے ان اضلاع کو 1578 یونین اور شہری کونسل میں تقسیم کیا گیا ہے، شہری علاقوں میں 60 میونسپل کمیٹیوں میں ایک ہزار 118 وارڈز بنائے گئے ہیں۔
سندھ کے 8 اضلاع سکھر، گھوٹکی، خیرپور، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور کندھ کوٹ اور قمبر شہداد کوٹ میں 42 لاکھ سے زائدمرد اور خواتین ووٹر 10 ہزار سے زاید امیدواروں کا انتخاب کریں گے ۔
لاڑکانہ اور سکھر میں میونسپل کارپوریشن کی 46 یونین کمیٹیوں میں کونسلر اورچیئرمین ، وائس چیئرمین جبکہ 426 یونین کونسل کی سطح پر جنرل کونسلر، چیئرمین ، وائس چیئرمین اور ممبر ضلع کونسل جبکہ 14 میونسپل کمیٹیوں اور 54 ٹاؤن کمیٹیوں کے لیے 593 وارڈ کی سطح پر جنرل کونسلر کا انتخاب کیا جائے گا۔ ان اضلاع میں 4 ہزار سے زاید پولنگ اسٹیشنزمیں 11 ہزار 737 پولنگ بوتھ بنائیں جائیں گے۔