30 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 7:48
انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر سزا، پنجاب میں کم ، سندھ میں زیادہ
جیو نیوز - اسلام آباد .......سندھ اور پنجاب میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کل ہونے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پرایک جیسے جرم پر پنجاب میں کم اور سندھ میں سزا زیادہ مقرر کر دی ۔
انتخابات ایک جیسے مگر سندھ اور پنجاب میں سزائیں الگ الگ ہیں۔پولنگ اسٹیشن سے بیلٹ پیپر/بیلٹ باکس اٹھانا ، انہیں نقصان پہنچانا یا کسی کو ایسا کرنے پہ اکسانے کے جرم پرپنجاب میں سزا 2ہزار روپے جرمانہ جبکہ سندھ میں ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہے۔
پولنگ اسٹیشن کے 200 میٹر قریب تک ووٹ مانگنا یا مائل کرنے کے جرم پر پنجاب میں سزا 2 ہزار روپے جرمانہ جبکہ سندھ میں 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہے۔ پولنگ اسٹیشن کے 100 میٹر تک انتخابی نشان،بینرز،جھنڈا لگانے کے جرم پرپنجاب میں 2 ہزار روپےجرمانہ جبکہ سندھ میں 5لاکھ روپے تک جرمانہ ہے ۔
پریذائیڈنگ افسر ،عملے اور پولیس اہلکار کو بھی انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پرسندھ میں زیادہ ، پنجاب میں کم سزا ہوگی۔کسی کو ووٹ ڈالنے سے روکا ، مجبور کیا یا کسی ووٹر کی معلومات جاری کرنا جرم تصور ہو گا ۔ پنجاب میں اس کی سزا ہو گی 6 ماہ قید20 ہزار تک جرمانہ ، سندھ میں اسی جرم پرسزا ہے 6ماہ قید اور 2 لاکھ روپے تک جرمانہ ۔
انتخابی عملے نے جان بوجھ کرفرائض میں غفلت برتی تو پنجاب میں سزا 2 سال قید اور 50 ہزار جرمانہ جب کہ سندھ میں اسی جرم پر 2سال قید اور 5لاکھ تک جرمانہ ہے۔یہ سزائیں پریزائیڈنگ افسران دے سکیں گے ، جنہیں 30 اکتوبر سے یکم نومبر تکفرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات دیے گئے ہیں۔