3 نومبر 2015
وقت اشاعت: 8:59
لاہور ایئرپورٹ پر نجی ایرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
جیو نیوز - لاہور......کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز رن وے کے بجائے کچے پر اتر گئی ۔ایئرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذ اوررن وے بند کر دیا گیا۔پی آئی اے اور دیگر ایئرلائنزکے فلائٹ شیڈول متاثر ہونے کا امکان ہے .
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والا نجی ایئرلائن کا مسافر طیارہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر اترنے کے بجائے کچے میں اتر گیا ، طیارے کےتمام ٹائر پھٹ گئے ،شدید دھچکوں سے مسافروں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ۔ پرواز میں سوار 112 مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا، ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال نافذکر کے رن وے کو پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور سے میلان اور پیرس جانے والی پرواز پی کے 733 ، لندن جانے والی پی کے 757 ،اسلام آباد کیلیے پی کے 652اورکوئٹہ جانیوالی پی کے 322 کی روانگی میں تاخیر کا امکان ہے ،پی آئی اے نے مسافروں کو 111786786 نمبر پر اوقات کنفرم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ متاثرہ رن وے کلئیر کر دیا ہے۔