15 مئی 2016
وقت اشاعت: 17:49
ٹریفک کی خلاف ورزی پر تصویری ثبوت کیساتھ جرمانے کا عمل تیز
جیو نیوز - کراچی …افضل ندیم ڈوگر…کراچی میں ٹریفک پولیس حرکت میں ، قوانین میں خلاف ورزی پر تصویری ثبوتوں کے ساتھ جرمانوں کا عمل تیز ، 70 دن میں 9 ہزار سے زائد چالان کرڈالے ، پولیس کے مطابق تصویری چالان پر 32 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ ادا کیا گیا۔
کراچی میں اب صرف چالان نہیں ہواکریں گے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے تصویری چالان لیے جارہے ہیں، بلکہ ٹریفک پولیس 2 ماہ میں 9 ہزار سے زیادہ چالان کرچکی ہے۔
کراچی کے شہری خبردار ہوجائیں کیونکہ اب صرف پولیس والے سے بچ کر بھاگنا کافی نہیں ہوگا بلکہ آپ کی غلط جگہ کھڑی ہوئی کار یا قانون کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس کا چالان وہ بھی تصویری ثبوت کے ساتھ آپ کے گھر پہنچ سکتا ہے ۔
ٹریفک وائیلیشن ایویڈینس سسٹم کی ٹیمیں 70 دن میں 9215 گاڑیوں کے چالان گھروں میں پہنچا چکی ہیں، نو پارکنگ میں کھڑی 285 سرکاری گاڑیوں کے تصویری چالان بھی کیے جاچکے ہیں۔
ڈی ایس پی عمران احمد کا کہنا ہے کہ 32 لاکھ روپے کےجرمانوں میں سے6 لاکھ روپے کے جرمانے تو شہری ادا بھی کر چکے ہیں، اس سسٹم کے تحت نوپارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کی ویڈیو بنائی جاتی ہے اورچالان پر تصاویر پرنٹ کرکے گاڑی کے پتے پر بھیج دی جاتی ہیں۔