20 مئی 2016
وقت اشاعت: 9:47
4ملزمان کو پکڑلیا، حملہ کرانے والوں کو بھی نہیں چھوڑیں گے، ڈی جی رینجرز
جیو نیوز - کراچی.......ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے پولیس اور رینجرز پر حملوں میں لیاری گینگ وار، کالعدم تنظیمیں اور لسانی و سیاسی جماعتیں ملوث ہوسکتی ہیں، کریکر حملوں میں ملوث چار ملزمان کو پکڑ لیا، حملے کرانے والوں کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔
کورنگی کراسنگ رینجرز چوکی کے دورے کے دوران ڈی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے میڈیا کو واقعے کی ابتدائی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کورنگی کراسنگ میں واقع رینجرز چیک پوسٹ حملے میں منظور الدین، کلیم اللہ اور عبدالغفور نامی اہلکار ز زخمی ہوگئے، دھماکے کے باعث چوکی کی دیوار گر گئی جبکہ ایک موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ڈی جی رینجرز نےمزید بتایا کہ پولیس کے تعاون سے کریکر حملوں میں ملوث چار ملزمان کا گرفتار کرلیا گیا ہے،فی الحال ان کی شناخت بتانا ٹھیک نہیں، یہ پلاسٹک کنٹینر والے بم مخصوص علاقے میں پولیس اور رینجرز پر پھینکے گئے ہیں، دھماکوں میں پلاسٹک کےکنٹینرزاستعمال ہورہےہیں،پہلے طرح کے دھماکوں میں لیاری کے گروپس ملوث ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر گزشتہ تین روز کے دوران یہ پانچواں کریکر حملہ تھا جس کی اطلاع ملتے ہی ڈی جی رینجرز سمیت اعلیٰ افسران ،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے، جائے وقوعہ سے ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جبکہ رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن بھی کیا۔