21 مئی 2016
وقت اشاعت: 23:3
زمین کےحسن کی حفاظت ہمارا فرض ہے،سکندرمیندھرو
جیو نیوز - کراچی.....مدیحہ بتول..... پاکستان سمیت دنیا بھر میں ارتھ آور منایا گیا،اس مناسبت سے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تحت فریئر ہال کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر ماحولیات ،سکندر میندھروتھے ۔
تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ’ زمین ہماری دھرتی ہےاس کےحسن کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے، یہ اس وقت ماحولیاتی تغیریات کا شکار ہے،سمندری سطحیں بلند ہو رہی ہیں،درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے،گلیشیئرز پگھل رہے ہیں تیز بارشیں اور ان کے نتیجے میں آنے والے سیلاب زمین کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں۔اس سلسلے میں ہمیں قدم سے قدم ملا کر دنیا کے ساتھ مل کر اپنی دھرتی کی حفاظت کرنی ہے۔‘‘
انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ’’ زمین آپ کے پاس اللہ کی ا مانت ہے،اس کی ہر چیز کا خیال آپ کو رکھنا ہے،اس کے چرند پرند،شجر ہجر کی ذمہ داری بھی ہم کو قبول کرنی ہے اور آج وعدہ کریں کہ اس کا خیال رکھیں گے۔‘‘
ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیےملک کے 35شہروں نے اس تحریک میں حصہ لیا ،کراچی کے مختلف لینڈ مارک پر ایک گھنٹے کے لیے تمام لائٹس بند کر کے شمعیں روشن کی گئیں۔
ارتھ آور کو منانے کا مقصد توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث عالمی حدت کے بارے میں عوام کو بیدار کرنا اور کرۂ ارض کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو آگاہی دینا ہے۔
ورلڈ وائڈ فنڈ آگنائزیشن اس ایونٹ کا انعقاد ہر سال خصوصی طور پر منعقد کرتی ہے جس میں ایک گھنٹے کے لیے تمام لائٹس بند کرکے شمعیں روشن کی جاتی ہیں۔