26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 5:51
لاڑکانہ چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے3بچے چل بسے
لاڑکانہ…چلڈرن اسپتال لاڑکانہ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث 3 نومولودبچے انتقال کرگئے،ورثاء نے بچوں کی لاشوں سمیت اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ذرائع کے مطابق چلڈرن اسپتال لاڑکانہ میں شام کے بعد 3 نومولودبچے انتقال کرگئے،ورثاء نے تینوں بچوں کی لاشیں اسپتال کے سامنے سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا،ورثاء کا کہناتھا کہ تینوں بچے ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث جاں بحق ہوئے،ادھر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ چلڈرن اسپتال لاڑکانہ ڈاکٹر اشفاق میمن کا کہنا ہے کہ بچے ڈاکٹروں کی غفلت سے جاں بحق نہیں ہوئے،ایم ایس کا کہنا ہے کہ دو جڑواں بچوں کا شھدادکوٹ سے لایا گیا تھا جو اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کرچکے تھے جبکہ تیسری بچی کو شہر کے ایک نجی اسپتال سے تشویش ناک حالت میں لایا گیا جو جانبر نہ ہوسکی۔