3 نومبر 2012
وقت اشاعت: 17:40
بھارتی ڈاکٹر اے ایس سوئن کا پاک انڈیالیور کیئر فورم بنانے کا اعلان
لاہور … جگر کی پیوندکاری میں عالمی شہرت کے حامل بھارتی ڈاکٹر اے ایس سوئن نے لاہور میں پاک انڈیا لیور کئیر فورم بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں دونوں ممالک کے ماہر ڈاکٹرز کو شامل کیا جائے گا۔ لاہور پریس کلب میں سینیٹر جہانگیر بدر اور ایک غیر سرکاری تنظیم کے عہدیداران کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی ڈاکٹر اے ایس سوئن کا کہنا تھا کہ اس فورم کے ذریعے دونوں اطراف کے ڈاکٹرز کے درمیان ناصرف پیشہ ورانہ تبادلہ ہوگا بلکہ پاکستانی عوام کو ملک میں ہی جگر کی پیوندکاری کی سہولت مہیا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ڈاکٹر سوئن کا کہنا تھا کہ پاکستانی ضرورت مند مریضوں کو بھارت میں علاج کے اخراجات میں سبسڈی بھی دی جائے گی۔ اس موقع پر جہانگیر بدر نے پاک انڈیا لیور فورم کو ہر طرح سے حکومتی مدد فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔